Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi along with Chairman Senate Syed Yousaf Raza Gilani attends 12th Rabi ul Awal Jalus/Rally at Multan on Saturday.

Milad
Date

MULTAN: SEP 6, 2025:

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی ولادت با سعادت کا مبارک دن ہمیں قومی یکجہتی اور محبت کا درس دیتا ہے،ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں سیرتِ النبی ﷺ کو اپنائیں گے۔ نفرت، تعصب، شدت پسندی اور فرقہ واریت کے بجائے ہم امن، رواداری، یکجہتی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان کے دورہ کے دوران دولت گیٹ ملتان میں انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام  12 ربیع الاول کے سو سالہ جشن کی مناسبت سے جلوس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو  کے دوران کیا. چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں 12 ربیع الاول کا جلوس دولت گیٹ سے ریلی کی شکل میں  روانہ ہوا اور حسین آگاہی چوک میں اختتام پذیر ہوا-
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کندی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک مثالی معاشرہ وہی ہوتا ہے جو نبی کریم ﷺ کے اصولوں پر قائم ہو۔ ہمیں چاہیے کہ ہم نوجوان نسل کو سیرتِ نبوی ﷺ سے روشناس کروائیں تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات کی روشنی میں کر سکیں۔فیصل کریم کنڈی نے یوم دفاع کے حوالے سے کہا کہ آج پاک فوج کے شہداء کو یاد کرنے کا دن بھی ہے۔اس دن اپنے ملک کا دفاع کرنے اور قربانیاں دینے والوں کو بھی بھلایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب کی آفت ہے. ہمیں سیاست کو ایک طرف رکھ کر سیلاب زدگان کی مدد کےلئے مل کر کام کرنا ہوگا. 
اس موقع پر چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی ،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی،سجادہ نشیں دربار موسیٰ پاک شہید سید ابوالحسن گیلانی ،اراکین قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی،سید علی قاسم گیلانی،سینئر سیاسی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی،سینیٹر رانا محمودالحسن ،ڈاکٹر جاوید صدیقی ،حاجی جاوید اختر انصاری، سید عامر حسن گیلانی ،سید سہیل حسن گیلانی،احمد مجتبیٰ گیلانی ،نعیم خان،سید ارتضیٰ حسن گیلانی،مظہر جاوید سمیت مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات کی دستار بندی بھی کی گئی۔