
DEAR ISMAIL KHAN: SEP 27, 2025:
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تحصیل پہاڑ پور میں واقع العباس اسکول اینڈ کالج کی سالانہ انعامات تقسیم تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ طلباء، اساتذہ، والدین اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ تعلیم قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے، اور ایسے تعلیمی ادارے جو دور دراز علاقوں میں علم کا چراغ جلائے رکھے ہوئے ہیں، وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے العباس اسکول اینڈ کالج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے جنوبی خیبرپختونخوا میں معیاری تعلیم کے فروغ کا ایک مثبت نمونہ قرار دیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے، خصوصاً ایسے ادارے جو نجی سطح پر عوامی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔گورنر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور ان کے والدین و اساتذہ کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر طلباء نے ملی نغمے، تقاریر اور خاکوں کے ذریعے حاضرین سے دادِ تحسین وصول کی۔ العباس اسکول اینڈ کالج کے پرنسپل اور دیگر منتظمین نے گورنر خیبرپختونخوا کی آمد کو ادارے کے لیے ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔