پشاور، 31 جولائی 2024
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ڈیپارٹمنٹ آف آرٹ اینڈڈیزائن یونیورسٹی آف پشاور کے وفد نے بدھ کے روز گورنرہاوس پشاورمیں ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹرنعیم قاضی ڈین فیکلٹی آف آرٹ اینڈ ہیومنیٹیز، چیئرپرسن شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن عمرانہ سیمی، فیکلٹی اور ڈیپارٹمنٹ کے طلباءشامل تھے۔ وفد نے گورنر کو شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کیلئے ضروری آلات ، یونیورسٹی میں شعبہ کیلئے اپنی عمارت اور دیگر ضروریات سے آگاہ کیا۔ وفد نے آرٹس کونسل کیلئے بھی ضروری اقدامات اٹھانے کیلئے تعاون کی درخواست کی۔ وفد نے گورنر کو بتایاکہ مذکورہ شعبے کے طلباءوطالبات انتہائی قابل اور بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ ہمارے طلباءنے صوبہ اور ملک بھر کے مختلف نمائشوں میں حصہ لیا ہے اور اپنے فن کے ذریعے خیبرپختونخوا کی بھر پور نمائندگی کی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف نمائشوں میں بھی حصہ لیتے رہے ہیں۔
گورنرنے اس موقع پر وفد کے شرکاءکو کہاکہ آرٹس کونسل کے حوالے سے جامع پرپوزل بھجوادیں ، اس کے علاوہ دیگر ممالک چائنہ ، امریکہ، سویڈن کے ساتھ رابطہ کرکے انوالو کریں۔ گورنرنے مختلف نمائشوں میں بہترین فنپاروں کی نمائش کرنے پر طلباءاور فیکلٹی اراکین کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں یقین دلایا کہ شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے ساتھ ہر قسم کاتعاون کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوامیں فنون لطیفہ سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کی جائیگی اور طلباءپر زوردیا کہ وہ اپنے فنپاروں کے ذریعے صوبے کاسافٹ امیج اجاگرکرتے ر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کی مثبت امیج کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور فنون لطیفہ سے وابستہ افراداس حوالے سے اپنا کردار بہترین طریقے سے اداکرسکتے ہیں