پشاور،2 اگست 2024
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ خواتین کا کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینا حوصلہ افزا امرہے۔ کاروبارسے وابستہ خواتین جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے ملک کی معاشی ترقی وخوشحالی میں اپناکردار ادا کرناہوگا،خواتین کی بہتر تعلیم اور تربیتی اداروں میں اضافے سے ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے مختلف شعبوں میں تعداد کو بتدریج بڑھایا جا سکتا ہے۔پاکستانی خواتین کاروباری سرگرمیوں میں دلچسپی لیتے ہوئے نہ صرف اپنے اور اہل خانہ کی مالی ضرورتوں کو باآسانی پورا کرسکتی ہیں، بلکہ عالمی مارکیٹ میں تجارت کر کے ملک کیلئے کثیر زرِمبادلہ بھی کماسکتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کے روزگورنرہاوس پشاورمیں وویمن چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیراہتمام منعقدہ وویمن ایچیومنٹ ایوارڈ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی جلال خان، یواین ایچ سی آر کے ریجنل ہیڈ کوفی اوہیننانا، ہاشوفاونڈیشن کے سی ای او حارث قیوم خان، صدر سرحدچیمبرآف کامرس فواداسحاق، گروپ لیڈربزنس فورم غضنفربلور، صدر وویمن چیمبرآف کامرس عذرا جمشید، نائب صدر انیلہ خالد، گروپ لیڈر بزنس فورم غضنفر بلور، سمیڈا کے نمائندوں،خواتین چیمبرکے عہدیداروں اورکاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں معروف صنعتکار الیاس احمد بلور، فطرت الیاس بلور اور صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فواد اسحاق سمیت مجموعی طورپر 35افراد کو نمایاں خدمات کے سلسلے میں وویمن ایچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب سے صدر وویمن چیمبر اف کامرس عذرا جمشید، ہاشو فاونڈیشن کے سی ای او حارث قیوم خان، ریجنل ہیڈ یو این ایچ سی آر Ohenenana Dwomo Kofi اور فواد اسحاق نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ہاشو فاونڈیشن اور وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مابین ایم او یو پر دستخط بھی کئے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے ایوارڈ حاصل کرنے والی خواتین کو مبارکباد دی اور کہاکہ یہ تقریب صرف ایوارڈز تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے معاشرے میں تبدیلی اور خواتین کی طاقت کا مظہر بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ تقریب اس بات کاثبوت ہے کہ ہماری خواتین کتنی باصلاحیت ہیں اور ان کی کامیابیاں ہمارے معاشرے کے لیے کس قدر اہم ہیں۔گورنرنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ خواتین کو عزت دی ہے، ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہر سطح پر خواتین کی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں معاشرے کا ایک قابل قدر اور فعال رکن بنایا جاسکے۔ ہمارے ملک کی خواتین آئی ٹی، فیشن، تعلیم، آن لائن کاروبار اور دیگر شعبوں میں تیزی سے ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کررہی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار میں خواتین کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور یقینا وویمن چیمبرآف کامرس اس سلسلے میں اہم کردار کاحامل ادارہ ہے۔گورنرنے کہاکہ پانی کی تقسیم کے معاملے پر تین صوبوں کو حصہ ملا ہے لیکن خیبرپختونخوا کونہیں ملاتھا، وفاقی حکومت سے بات کرکے چشمہ لفٹ کینال کیلئے 19 ارب روپے وفاقی حکومت نے مختص کردیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تاجکستان کے دورہ کے دوران وہاں کی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں ہوئی وہاں پر ٹیکسٹائل کازیاہ اسکوپ ہے، ستمبرمیں تاجکستان کی بزنس کمیونٹی نمائش کرنے والے ہیں صوبے کی بزنس کمیونٹی کو اس نمائش میں شرکت کرکے وہاں کے تجربات سے مستفیدہوں۔ گورنرنے یواین ایچ سی آر کے ریجنل ہیڈکاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ صوبہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہواہے امیدکرتے ہیں کہ یواین ایچ سی اور ہاشوفاؤنڈیشن صوبے کی بزنس کمیونٹی کی سپورٹ جاری رکھیں گے۔ آخرمیں گورنرفیصل کریم کنڈی، ایم پی اے جلال خان اور یو این ای یچ سی آر کے ریجنل ہیڈکو بھی یادگاری شیلڈ پیش کئے گئے۔