پشاور، 30 جولائی 2024
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ جمہوریت کے استحکام کے لئے وکلاء کا کردار اہم رہا ہے۔ وکلاء نے ہمیشہ ملکی استحکام، ترقی و خوشحالی اورجمہوریت کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے،عوام کو انصاف کی فراہمی میں بھی وکلاء برادری بھرپور کردار اد ا کررہی ہے۔ریاستی نظام کی مضبوطی و استحکام کیلئے وکلاء کا پیشہ ورانہ کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،معاشرہ میں انصاف عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے وفاقی حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روز گورنرہاوس پشاور میں تنگی تحصیل بارایسوسی ایشن سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت محمدابراہیم مہمند ایڈوکیٹ کررہے تھے،وفد میں سابق نگران وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ظفراللہ خان ایڈوکیٹ، قاسم علی خان، گل باچا، ناصر خان اوردیگر شامل تھے۔ وفد کے شرکاء نے گورنر کو تحصیل بار ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ تنگی تحصیل بارایسوسی ایشن صوبے کا دوسرا بڑا بارہے۔ گذشتہ دوسالوں سے بار کوصوبائی حکومت کی جانب سے کسی قسم کی گرانٹ ان ایڈنہیں ملی جس کی وجہ سے بار کومشکلات کا سامناہے۔ انہوں نے گرانٹ کے اجراء کیلئے گورنر سے تعاون کی اپیل کی۔گورنرنے وفد کومسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہاکہ نظام کو بہتر اور صحیح خطوط پر استوار کرنے کے لئے عدل و انصاف کا قیام انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ معاشرے کا ہر فرد اپنی حیثیت اور ذمہ داری کے لحاظ سے عدل و انصاف کو اپنا لے تو معاشرہ کی اصلاح ہوسکتی ہے اور اس حوالے سے وکلاء برادری پر بھی سب سے بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔#