پشاور، 26 ستمبر2024
لاہورگرامرسکول سسٹم پشاور برانچ کےانٹرمیڈیٹ اور A لیول کے طلباء وطالبات نے جمعرات کے روز گورنرہاوس پشاور کا مطالعاتی دورہ کیا۔اسکول ہیڈ ہادیہ افضال کی سربراہی میں لاہورگرامر سکول کے طلبہ نے گورنرہاوس کے تاریخی عمارت سمیت گورنر ہاوس میں موجود فیزنٹری،ملتانی باغ اور دیگر حصوں کی سیرکی۔طلبہ کے وفد کو گورنر سیکرٹریٹ کی جانب سے گورنر ہاؤس کی تاریخی آئینی حیثیت، گورنر خیبرپختونخوا کے آئینی فرائض سے متعلق بریفنگ دی،
بعدازاں گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مطالعاتی دورہ پرآئے ہوئے طلباء وطالبات سے ملاقات بھی کی اور انہیں گورنرہاؤس آمد پر خوش آمدید کہا۔ گورنرنے کہاکہ گورنرہاوس کو عوام کیلئے کھول دیاہے اور نجی اورسرکاری تعلیمی اداروں سمیت یونیورسٹیوں کے طلباء وطالبات کو گورنرہاوس کے دور ے کروائیں جائیں گے تاکہ وہ صوبہ کے تاریخی مقامات و حیثیت سے واقف رہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں نے ہی آگے جاکر اس ملک کی باگ دوڑسنبھالنی ہے۔انہوں نے کہاکہ تعلیم یافتہ نوجوان کسی بھی ملک وقوم کی ترقی کے ضامن ہوتے ہیں اور اُن کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی آگے لایاجائے اور ملکی وبین الاقوامی مقابلوں میں اُن کو شامل کیاجائے تاکہ نہ صرف اپنے صوبے کا مثبت امیج اجاگرکرسکیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے اپنے ملک وقوم کا نام بھی روشن کریں۔ گورنرنے کہاکہ ہمارے صوبے کے نوجوان صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں۔ حال ہی میں مختلف کھیلوں میں اپنی مدد آپ کے تحت نمایا ں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو گورنر ہاؤس مدعوکیاتھا اور اُن سے ملاقات میں اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایاتھا۔ انہوں نے طلباء وطالبات پر زوردیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پرمرکوزرکھیں اور تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں محنت،جہدمسلسل اور عزم کے ساتھ اپنی منزل کی طرف بڑھتے رہیں۔ #
Date