Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi hosted a dignified dinner in honor of the opposition members of the Khyber Pakhtunkhwa Assembly at Governor House

Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi hosted a dignified dinner in honor of the opposition members of the Khyber Pakhtunkhwa Assembly at Governor House
Date

پشاور،گورنر ہاؤس،31 اگست 2024

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گذشتہ شب خیبرپختونخوا اسمبلی کی اپوزیشن اراکین اسمبلی کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں ایک پروقار عشائیہ دیا۔عشائیہ میں اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹرعباداللہ، اراکین صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی، ارباب عثمان، ملک طارق اعوان، سجاداللہ خان، عدنان وزیر، قاری ظاہر خلیل، جلال خان، ریحانہ اسماعیل، شہلاشاہ بانو، ریاض شاہین، احسان اللہ خان، رشاد خان، اعجاز خان و دیگر شامل تھے,عشائیہ میں خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی، معاشی، امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی،

اس موقع پر اپوزیشن اراکین اسمبلی نے خیبرپختونخوا میں ہر گزرتے دن کے ساتھ امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا,بنوں، ڈی آئی خان اور ضم ضلع کرم پاڑا چنار میں حالیہ دہشتگردی، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور بدامنی کے دیگر واقعات کو صوبائی حکومت کی جانب سے سنجیدہ نہ لینے پر بھی افسوس کا اظہار کیا،اپوزیشن اراکین اسمبلی نے عشائیہ میں گورنر خیبرپختونخوا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی پریشان کن بات ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت  پی ایس ڈی پی میں صوبہ کیلئے کوئی منصوبہ شامل نہیں کرا سکی، 

انہوں نے کہا کہ اگلی مرتبہ صوبہ کی تمام سیاسی جماعتیں ملکر پی ایس ڈی پی کیلئے منصوبے تیار کرکے وفاق کو نہ صرف پیش کریں گی بلکہ انکو منظور بھی کرائیں گی،اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع کیلئے مختص فنڈ ضم اضلاع کے عوام پر خرچ کرنے کے بجائے کسی اور جگہ استعمال کر رہی ہے جو کہ درست عمل نہیں ہے، صوبائی حکومت کو ضم اضلاع پر توجہ دینی چاہئے یہ نہیں کہ انکے علاقوں کا مختص فنڈ ہی دوسری جگہ پر خرچ کر لیا جائے یہ تو قبائلی عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے، صوبائی اراکین اسمبلی نے عشائیہ تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا کو صوبہ میں تعینات وفاق و صوبائی بیوروکریسی کے عوامی خدمات کے امور میں عدم دلچسپی سے متعلق بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کیا،اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ صوبہ میں اعلٰی عہدوں پر تعینات بیوروکریسی کا رویہ مناسب نہیں ہے اور انکے عدم دلچسپی کے باعث ہم عوام کے سامنے شرمندہ ہو رہے ہیں،اراکین اسمبلی نے صوبائی اسمبلی میں نادرا اور پاسپورٹ دفاتر کے قیام پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انکے اس اقدام پرخراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے عشائیہ میں شرکت کرنے پر اپوزیشن اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ منتخب عوامی نمائندے عوام کو جوابدہ ہوتے ہیں، عوام کی توقعات و خواہشات منتخب عوامی نمائندوں سے ہی جڑی ہوتی ہیں،وفاق اور صوبائی اسمبلیوں میں عوام اپنے منتخب نمائندے اس لئے بجھواتے ہیں کی عوامی مسائل و مشکلات اور علاقائی، ریجنل، ملکی سطح پر ترقی و خوشحالی کے فیصلے کئے جا سکیں،انہوں نے اراکین صوبائی اسمبلی کیجانب سے اس وقت صوبہ کی مجموعی صورتحال پر تشویش سے متفق ہوتے ہوئے کہا کہ افسوس ہوتا کہ ہے صوبائی حکومت امن و امان کے قیام سمیت کسی بھی معاملے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے صوبہ آج اس نہج پر پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر کا منصب سنبھالتے ہی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کے پاس چل کر گیا کہ آئیں ملکر مشاورت سے صوبہ کے حقوق کیلئے آگے بڑھیں لیکن افسوس ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے مجرمانہ غفلت برتی ہوئی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اراکین اسمبلی کو بیوروکریسی سے متعلق تحفظات و شکایات کے ازالہ کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرنیکی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ بیوروکریسی کو مکمل تعاون کرنا چاہئے بالخصوص علاقائی اور عوامی مسائل کے حل میں صوبہ میں اعلٰی عہدوں پر تعینات سرکاری افسران کو منتخب عوامی نمائندوں سے مشاورت یقینی بنانا چاہئے،انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اس حوالے سے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو جانی و مالی نقصانات سے بچاؤ کیلئے  پوری تیاری کرنی چاہئے, یہ صوبہ ہم سب کا ہے، ہم سب کو اپنے اپنے فرائض نیک نیتی سے انجام دیتے ہوئے اس صوبہ کی ترقی و خوشحالی کو اپنا واحد مقصد بنانا ہوگا۔