پشاور، 13 اگست 2024
گورنر ہاؤس پشاور سے جشن آزادی پاکستان کی مناسبت سے جیپ ریلی نکالی گئی،گورنر ہاؤس سے فرنٹیئر 4/4 کلب کے زیراہتمام نکالی جانیوالی ریلی میں 45 کے قریب جیپیں شامل تھیں،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جیپ خود چلا کر ریلی کی قیادت کی،ریلی کے شرکاء جیپوں پر قومی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ روانہ ہوئے،گورنر خیبرپختونخوا کی قیادت میں جیپ ریلی گورنر ہاؤس سے پشاور کنٹونمنٹ، پشتخرہ چوک، رنگ روڈ، حیات آباد اور یونیورسٹی روڈ سے ہوتے ہوئے واپس گورنر ہاؤس اختتام پذیر ہوئی،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ سب کو بتانا چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا ایک پر امن صوبہ ہے،ہم سب نے ملکر صوبے کو پرامن اور خوشحال بنانا ہے،جشن آزادی کے سلسلے میں گورنر ہاؤس میں تقریبات کا آغاز کیا ہوا ہے،جیپ ریلی جشن آزادی تقریبات کا حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ گورنر ہاؤس میں کلچرل نائٹ اور آتش بازی بھی کی جائے گی، یوم آزادی پاکستان پورے جوش و خروش سے منائیں گے۔
بعد ازاں گورنرہاؤس میں ایک تقریب بھی منعقد کی گئ جس میں جیپ ریلی کے شرکاء کو سرٹیفکیٹ دیے گئے اور کلب کے صدر کو نقد انعام بھی دیاگیا. آخر میں گورنر نے رکن صوبائی اسمبلی ارباب زرک اور ریلی کے شرکاء کے ہمراہ جشن ازادی کے سلسلے میں کیک بھی کاٹا.