۔پشاور، 26 ستمبر2024
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت انجمن ہلال احمر پاکستان خیبرپختونخوا برانچ کا جمعرات کے روز گورنر ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انجمن ہلال احمر پاکستان خیبرپختونخوا برانچ کی منیجنگ کمیٹی کے 12 نئے اراکین کی منظوری دی گئی۔جن میں اراکین صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی، ارباب زرک، سردار احسان اللہ خان میانخیل سمیت لیفٹیننٹ کرنل (ر) ڈاکٹر شاہینہ جمیل، ڈاکٹر حیدر علی خان، ڈاکٹر نجیب اللہ، جہانزیب محسود، لاجبار خان ایڈووکیٹ، ڈاکٹر حناء کرامت، فرزند وزیر اور صفی اللہ خان شامل ہیں۔اجلاس میں پی آر سی ایس خیبرپختونخوا کے اغراض و مقاصد، فرائض، مالی و انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔قدرتی آفات میں امدادی سرگرمیوں کیلئے امدادی سامان کی موجودگی، سالانہ آمدن و اخراجات، ڈونرز سے فنڈز کا حصول، رضاکارانہ خدمات، ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز سمیت دیگر امور پربھی تفصیلات فراہم کی گئیں۔اجلاس میں پی آر سی ایس کے زیرانتظام پراپرٹیز کا استعمال، فنڈز کا حصول یقینی بنانے کیلئے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہناتھاکہ منیجنگ کمیٹی کے نئے ارکان کو خوش آمدید اور سابقہ ارکان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،امید ہے نئے ارکان زیادہ محنت سے کام کریں گے۔ گورنرنے کہاکہ فنڈز پیدا کرنے پر زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، پی آر سی ایس کو صوبہ کے تمام اضلاع میں دفاتر قائم کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ پی آر سی ایس کو ایسے افراد کی ضرورت ہے جو حقیقی معنوں میں معاون کار ثابت ہوں،مختلف ڈونرز ممالک خیبرپختونخوا میں کام کرنا چاہتے ہیں، ریڈ کریسنٹ جامع پروپوزل تیار کرے اور ڈونرز کو ایریا آف ورک دکھائے۔گورنرنے کہاکہ پی آر سی ایس کے زیر انتظام ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کو دیگر اضلاع میں پھیلانے کیلئے نیوٹک کی معاونت حاصل کی جائے اورپی آر سی ایس کے زیرانتظام پراپرٹیز کی مارکیٹ ویلیو کے مطابق مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ اراضی تفصیلات کا مقصد اس کو ریوینیو پیدا کرنے کے لئے استعمال میں لانا ہے۔انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ امدادی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کیلئے کام کے طریقہ کار میں جدت اور تیزی لائی جائے۔ اجلاس میں چیئرمین انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا ملک حبیب اورکزئی، چیئرمین انجمن ہلال احمر ضم اضلاع عمران وزیر سمیت دیگر متعلقہ حکام موجود تھے. #