ملتان۔ 29 ستمبر 2024
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مجوزہ آئینی ترمیم کےمعاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر لانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ملتان میں پیپلز پارٹی کے رہنما ملک نسیم لابر کی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم کے لیے ہر قسم کے خدشات کو دور کیا جائے گا ۔اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت وکلاء سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو قائل کرنے اور اعتماد میں لانے کےلئے جدوجہد کر رہی ہے اور اس میں ہمیں ضرور کامیابی ملے گی۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی،ہماری تاریخ بھی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔گورنر کاایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو چاہیے کہ وہ انتشار کی بجائے ملکی معیشت پر کام کریں۔جلسے جلوس اور نفرت کی سیاست کا ملک متحمل نہیں یو سکتا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس وقت خیبر پختونخوا میں بے چینی،بدامنی اور دہشت گردی کی فضا یے،لیکن امن کے قیام پر کوئی لائحہ عمل نہیں دیا جا رہا۔ان کا مزید کہا کہ ملک اس وقت سہی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں بھی مسلم ممالک بالخصوص پاکستان کے حقیقی مسائل کی طرف عالمی رہنماؤں کی توجہ مبذول کرائی۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ملتان کے صدر ملک نسیم لابر اور سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم نے ورکرز سے خطاب کیا اور کارکنوں کے مسائل کے حوالے سے گورنر کو آگاہ کیا۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دونوں رہنماؤں کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔