شاور،12 اگست 2024
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات اور دکھی انسانیت کی خدمت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،معاشرے کے پسماندہ طبقات کو مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنیوالے ادارے میرے دل کے بہت قریب ہیں،دین اسلام ہمیں دکھی انسانیت کی دل کھول کر مدد کرنے کا درس دیتا ہے اور اس ضمن میں خیبر آئی فاؤنڈیشن ہسپتال کی خدمات صدقہ جاریہ اور عبادت سے کم نہیں ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پیر کے روز خیبر آئی فاؤنڈیشن ہسپتال پشاور کے دورہ کے دوران کیا۔ہسپتال پہنچنے پر گورنر کا پرتپاک استقبال کیاگیا۔ چیئرمین خیبرآئی فاؤنڈیشن عدنان جلیل،پروفیسر ڈاکٹر داؤد،بورڈ آف گورنرزکے دیگرممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر نے ہسپتال میں آپریشن تھیٹر، وارڈز، اور بینائی کے مرض میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔چیئرمین خیبر آئی فاؤنڈیشن عدنان جلیل نے گورنر خیبرپختونخوا کو ہسپتال کے قیام کے اغراض و مقاصد، طبی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ ہسپتال کے قیام سے لیکر اب تک 10 لاکھ کے قریب مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا،32 ہزار کے قریب مفت نظر کی عینکیں تقسیم کی گئیں جبکہ 7 ہزار کے قریب آپریشن کئے گئے۔اس موقع پر گورنرکاکہناتھاکہ خیبر آئی فاؤنڈیشن کیجانب سے غریب افراد کا مفت علاج معالجہ قابل تحسین ہے، غریب عوام امراض چشم کا مفت علاج کرنے پر ادارہ کی انتظامیہ، طبی عملہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے خیبر آئی فاؤنڈیشن کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اورکہاکہ خیبر آئی فاؤنڈیشن کا ادارہ ایک منظم ٹیم اور نیٹ ورک کے تحت چل رہا ہے جو اسکی کامیابی کا ثبوت ہے،اس ادارے کیلئے جو کچھ بھی کر سکا تو اس کیلئے انہیں بے حد خوشی ہو گی،وفاق، عالمی خیراتی اداروں کیجانب سے اس ہسپتال کو درکار سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔#