Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi visits Mueen Khan Academy at DHA Sports Club Karachi on Saturday.

Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi visits Mueen Khan Academy at DHA Sports Club Karachi on Saturday.
Date

کراچی, 19 اکتوبر 2024

 گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دورہ کراچی کے دوران ڈی ایچ اے سپورٹس کلب کراچی میں قائم معین خان اکیڈمی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سپورٹس کلب کے سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) ذکاء راجہ اور سابق کرکٹر معین خان نے ان کا استقبال کیا اور کلب کے مختلف حصوں کا معائنہ کرایا۔ دورے کے دوران گورنر کو اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات اور جدید کھیلوں کی تربیت کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا جو اکیڈمی میں فراہم کی جا رہی ہیں۔معین خان اکیڈمی، جو پاکستان کے معروف سابق کرکٹر معین خان اور ڈی ایچ اے سپورٹس کلب کی شراکت میں چلائی جا رہی ہے، کھیلوں کی تربیت کے حوالے سے ملک کا ایک ممتاز ادارہ بن چکی ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پر کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لیے ایسی ہی جدید اور اعلیٰ معیار کی اکیڈمی کا قیام پشاور میں بھی ضروری ہے۔ انہوں نے معین خان اکیڈمی کی طرز پر پشاور میں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ اکیڈمی کے قیام کی تجویز پیش کی، جس پر معین خان اور کلب کے منتظمین نے رضامندی کا اظہار کیا۔گورنر خیبرپختونخوا نے معین خان اکیڈمی اور ڈی ایچ اے سپورٹس کلب کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ کھیلوں کی ترقی اور نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کو یہاں فراہم کی جانے والی سہولیات پر کلب کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تعریف کی۔دورے کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کو فروغ دینے اور نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے وہ معین خان اکیڈمی کی طرز پر ایک جدید اکیڈمی کے قیام کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور ایسی اکیڈمی ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔