گورنر سے حاجی ملک نوشاد کی قیادت میں نمائندہ عوامی وفد اور صوبے دیگراضلاع سے نمائندہ وفودکی الگ الگ ملاقاتیں، عوامی مسائل پر تبادلہ خیال

text
Date

    گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ ریاست کی مضبوطی، استحکام اور ملک کو موجودہ مشکل حالات سے نکالنے کیلئے مشترکہ کردار کی ضرورت ہے کیونکہ ملکی موجودہ صورتحال میں اتحاد واتفاق سے ہی کامیابی وترقی ممکن ہے،مسائل زندگی کا حصہ ہیں ہم سب کو مسائل و مشکلات کے حل کیلئے اپنی اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے انجام دینا ہوں گی، صوبے کے عوام کی خدمت اپنا فرض سمجھتاہوں، موجودہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی بھی خواہش ہے کہ صوبے کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے اور اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیرکے روز گورنرہاوس پشاور میں پشاور سے حاجی ملک نوشاد کی قیادت میں ایک عوامی نمائندہ وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر مئیر پشاور حاجی زبیر علی بھی موجود تھے،وفد میں رحمدل نواز، ملک احمدیار، محمدعارف، ملک واحداللہ، شیخ منورشاہ، ارباب حسین خان اوردیگرشامل تھے۔ وفد نے گورنر کو علاقے میں بجلی، گیس، تعلیم اور صحت سمیت دیگر مشکلات سے آگاہ کیا اور بالخصوص نیودیہہ بہادر، اولڈدیہہ بہادر، سکیم چوک اور شلوزان فیڈرز پربجلی سے متعلق مسائل پرگفتگو کی اور ان مسائل کے حل کیلئے گورنر سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔وفد کے شرکاء نے گورنر کو خراج تحسین بھی پیش کیا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک گورنربلاامتیاز صوبے کے عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے اور سب کیلئے گورنرہاؤس کے دروازے کھول رکھے ہیں۔ گورنرنے اس موقع پر وفد کے شرکاء کو مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
    گورنرنے کہاکہ عوام کی احساس محرومیوں کاخاتمہ،صحت، تعلیم اورانفراسٹرکچر کی سہولیات فراہم کرناصوبائی  حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلا تفریق عوامی مسائل حل کرنااپنا فرض سمجھتاہوں، انسانیت کی خدمت ہی بہت بڑی عبادت ہے،بلاتفریق اور بے لوث عوامی خدمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے،ہمیشہ نیک نیتی اورخلوص دل سے عوامی مسائل کے حل کیلئے کوششیں کی ہے۔ صوبائی ووفاقی حکومت کی جانب عوام کو صحت،تعلیم اور توانائی سمیت دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی اور آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قانون اور آئین پرعملدرآمد سے ہی پرامن معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زوردیاکہ وہ اپنے پختون روایات، اقدار اورشائستگی کو اپنی زندگی کاحصہ بنائیں،ایک خوشحال اور پرامن معاشرہ کے قیام اور اس ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپناکردار اداکریں۔ گورنرنے وفدکو یقین دلایا کہ حکومت آپ کی سرپرستی کرے گی اور عوام کی ضروریا ت کو پوراکرنے اور انہیں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔علاوہ ازیں گورنرسے صوبے کے دیگر اضلاع سے بھی مختلف نمائندہ عوامی وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے گورنرکو آگاہ کیا۔ گورنرنے وفود کے شرکاء کو مسائل ومشکلات کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔