پشاور، 11 اگست 2024
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں پاکستانی قومیت کا بنیادی حصہ ہیں، اقلیتوں نے قیام پاکستان سے لیکر اب تک ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، اقلیتی برادری کے ہمیشہ سے ساتھ ہیں اور انکی فلاح و بہبود کیلئے گورنر ہاؤس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، خیبرپختونخوا میں مقیم اقلیتی برادری کو ملک کے دیگر صوبوں کے برابر حقوق دئے جائیں گے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو شخصی، مذہبی مکمل آزادی حاصل ہے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز گورنر ہاوس پشاور میں اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.گورنر ہاؤس پشاور میں پہلی دفعہ اقلیتوں کے قومی دن پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اقلیتی قیادت بشپ ہمفری سرفراز پیٹر، نصیب چند، پنڈت درشن لال، گرو پال، کشور کمار سمیت صوبہ میں مقیم ہندو، سکھ، مسیحی برادری کی مرد و خواتین نے شرکت کی.
تقریب میں اقلیتی قیادت نے اپنے خطاب میں اقلیتوں کے قومی دن پر ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں مقیم اقلیتی برادری کے حقوق، فلاح و بہبود کیلئے تجاویز پیش کیں اور قیام پاکستان سے لیکر آج کے دن تک اقلیتوں کی خدمات پر روشنی ڈالی. اقلیتی قیادت نے گورنر ہاؤس میں پہلی دفعہ اقلیتوں کے قومی دن پر تقریب کے انعقاد اور اقلیتوں کو مدعو کرنے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا. انہوں نے اس موقع پر اقلیتی برادری کیجانب سے گورنر خیبرپختونخوا کو لنگی بھی پہنائی.تقریب میں اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔