پشاور, 16 اگست 2024
ساتویں ہیروز تائیکوانڈو انٹرنیشنل چیمپئن شپ تھائی لینڈ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے سوات کی کھلاڑی عامر خان نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کے موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ارباب ذرک خان، کھلاڑی کے قریبی عزیز فرید ، زاہد اور سیف بھی موجود تھے،
گورنر ہاؤس آمد پر گورنر خیبرپختونخوا نے خود قومی ہیرو کو خوش آمدید کہا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عامر خان ہمارے صوبہ کا ہی نہیں پورے پاکستان کا فخر ہیں خیبرپختونخوا کے باصلاحیت نوجوانوں کی ہرممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ عامر خان کی کامیابی نے پوری دنیا کے سامنے خیبرپختونخوا کا سافٹ امیج بلند کیا ہے میری یہ کوشش ہے کہ ہم اپنی نسل کو انتہاء پسندی تشدد اور دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لیئے مثبت ہم نصابی اور تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دیں انہوں نے کہا کہ عامر خان اپنے علاقہ میں تائیکوانڈو کے فروغ کے لیئے تجاویز دیں تاکہ ان کو عملی جامہ پہنچایا جاسکے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت حقیقتی کھلاڑیوں کی بجائے من پسند افراد کی سرپرستی ترک کرے ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گولڈ میڈلسٹ عامر خان نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں عزت افزائی پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا مشکور ہوں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانے پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتا ہوں یہ فتح پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام اور میرے سوات کے باسیوں کی فتح ہے اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عامر خان کو خصوصی شیلڈ پیش کی#