شاور،گورنر ہاؤس،29 جولائی 2024
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نوجوان ایشین باکسنگ چیمپئن شعیب خان زہری اور نیشنل باکسنگ چیمپئینز بلال خان، سدیس خان اور ہدایت آفریدی نے گورنر ہاؤس پشاور میں خصوصی ملاقات کی،اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے نوجوان باکسنگ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ایشین و قومی سطح پر باکسنگ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے اور ملک و قوم کیلئے قابل فخر ثابت ہونے پر انکو سراہا۔گورنر نے اس موقع پر شعیب خان ایشین باکسنگ چیمپئن کی دوبئی میں ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں انڈین باکسر کے مقابلے میں انکی فتح کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دوبئی میں ہونیوالے ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں انڈیا باکسر کے ساتھ مقابلے میں پاکستان و پاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند کریں گے، گورنر خیبرپختونخوا نے اپنی جانب سے باکسنگ کے نوجوان کھلاڑیوں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ملکی و عالمی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، خیبر پختونخوا سمیت ملک میں نوجوان ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، ہمیں اپنے نوجوانوں کی مکمل حوصلہ افزائی کے ساتھ ہر میدان میں انکی مکمل معاونت یقینی بنانا ہے، کھیل سے ہی امن ہے اور ہم نے صوبہ میں کھیلوں کے فروغ سے امن کا پرچار کرنا ہے،انہوں نے اس موقع پر شعیب خان کو تھائی لینڈ میں منعقدہ 35 ممالک پر مشتمل ایشین لائیٹ ویٹ باکسنگ مقابلوں میں ناقابل شکست رہنے پر دلی مبارکباد بھی پیش کی۔