Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi addressing Paigham-e-Haj Conference 2024 arranged by Pakistan Ulema Council & International Taazeem Harmeen Al Sharifeen in Islamabad

Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi addressing Paigham-e-Haj Conference 2024 arranged by Pakistan Ulema Council & International Taazeem Harmeen Al Sharifeen in Islamabad
Date

اسلام اباد, 6 اگست 2024

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اسلام امن، محبت اور رواداری کا دین ہے، کسی بھی مسلک یا مذھب میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں، خطبہ حج میں مسلمانوں کی وحدت ، اتحاد اور امن کا پیغام دیا گیا ہے، پیغام حج درحقیقت مسلمانوں کی وحدت ، اتحاد ، اور اسلام کے امن و سلامتی کا پیغام ہے. 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اسلام اباد میں پاکستان علماء کونسل و انٹرنیشنل تعظیم حرمین الشریفین کونسل کے تعاون سے منعقدہ پیغام حج کانفرنس 2024 سے خطاب کرتے ہوئے کیا. حج کانفرنس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و اوورسیز چوہدری سالک حسین، سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، چیئرمین پاکستان علماء کونسل و جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل تعظیم حرمین الشریفین کونسل مولانا طاہر محمود اشرفی، ڈپٹی ایمبیسڈر فلسطین، اردن سفارتخانہ کے خصوصی نمائندے، پیر نقیب الرحمن آف عیدگاہ شریف، سیاسی و حکومتی عہدیداروں اور مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ کی بڑی تعداد نے شرکت کی. 
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہترین اور مضبوط تعلقات ہیں، حج کیلئے بہترین سہولتیں دینے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں. روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت جس طرح سے سعودی حکومت نے حجاج کو سہولیات فراہم کی ہیں وہ قابل مثال ہیں۔ ایسے وقت میں جب پاکستان مشکلات سے دو چار نظر آتا ہے تو سعودی عرب کی حکومت و عوام پاکستان کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے، مسلم ممالک اور عالم اسلام کیلئے سعودی عرب کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ حج ایک ایسا منظم اور بامقصد عظیم الشان اجتماع ہوتا ہے جو فقط رضائے الٰہی کی خاطر رنگ و نسل اور زبان کے اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر، دیوانہ وار نذرانۂ جان و تن اور قلب و روح کو خالق اکبر کے حضور پیش کرنے کے لیے ایک مرکز اور ایک مقام پر جمع ہوجاتا ہے، حج کا مقدس اجتماع عالمی دنیا اور عالمی مذاہب کیلئے ایک ایسا پیغام ہے جس میں خداوند عالم کی وحدانیت کے اقرار کے ساتھ انسانیت کی بھلائی و خیر کا درس ہوتا ہے، گورنر نے عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد پر علامہ طاہر اشرفی کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں اور انکی ٹیم کو گورنر ہاوس پشاور کے دورہ کی دعوت بھی دی. انہوں نے اس امید کا بھی اظہار  کیا کہ ہم سب ملکر پیغام حج کے فلسفہ اور مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد اور مذہب اسلام کی سربلندی کیلئے عملی اقدامات اٹھاتے رہیں گے.