Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi meets with representative delegation of Tajran-e-Peshawar City, including Printing Press Market owners and other Buisness community members at Governor House on Thursday.

Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi meets with representative delegation of Tajran-e-Peshawar City, including Printing Press Market owners and other Buisness community members at Governor House on Thursday.
Date

پشاور،8 اگست 2024

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے تاجران پشاور شہر کے نمائندہ وفد نے جمعرات کے روزگورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر ظفر خٹک، ملک عبداللہ خان، تراب گل، نکاف اللہ سمیت تاجر برادری کے دیگر نمائندے بھی شامل تھے۔وفد نے گورنر کو صوبہ میں پرنٹنگ کے کاروبار سے متعلق مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔وفد نے بتایاکہ اندرون شہر کابلی گیٹ سے مرکزی راستہ مکمل بند ہے جس سے پرنٹنگ پریس کا کاروبار تباہ ہو رہا ہے،پرنٹنگ پریس مارکیٹ میں 3500 کے قریب دکانیں ہیں لیکن کابلی تھانے سے واحد داخلہ راستہ کو شام ہوتے ہی بند کر دیا جاتا ہے،مختلف قسم کے ٹیکسز باقاعدہ ادا کرتے ہیں لیکن بجلی، گیس سمیت کوئی سہولت میسر نہیں ہے،  بجلی کے حوالے سے متعدد بار احتجاج کر چکے ہیں۔ پشاور شہر میں پرنٹنگ پریس سے وابستہ کاروباری طبقہ کو بجلی کے بوسیدہ نظام سے بھی انتہائی مشکلات کا سامنا ہے،انہوں نے پرنٹنگ پریس مارکیٹ کیلئے الگ فیڈر کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔ وفد نے صفائی کے نظام پر بھی تحفظات کا اظہارکیا اور کہاکہ صفائی کا نظام درست نہیں، زرا سی بارش سے پانی دکانوں اور گھروں میں داخل ہوجاتاہے۔ وفد نے بتایاکہ خیبر پختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ کے ذمہ بقایاجات ہیں جسکا 50 فیصد بھی ادا ہو جائیں تو مسائل حل ہو جائیں گے،صوبہ کے تمام کالجز سے صرف 25 میگزین شائع کئے جا رہے ہیں،یونیورسٹیوں، کالجز میں پروکیورمنٹ کا طریقہ کا درست نہیں صرف اقربا پروری ہے، وفد نے بتایاکہ غلام خان اور طورخم بارڈرز پر کاروبار و تجارت سے متعلق واضح پالیسی اختیار کی جانی چاہئے۔ افغانستان و دیگر ممالک سے سیاحت و کاروبار کیلئے آنیوالے افراد کو مسائل کی وجہ سے ہوٹل انڈسٹری بھی مشکلات کا شکار ہے، انڈس ہائی وے روڈ پر تعمیراتی کام میں سست روی سے آئے روز حادثات ہو رہے ہیں جس سے روزانہ جانی و مالی نقصانات پیش آ رہے ہیں۔
    گورنرنے وفد کے شرکاء کو گورنرہاوس آمد پرخوش آمدید کہاکہ اور انہیں مسائل کے حل میں اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہاکہ کاروبارسے وابستہ افراد کی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیح ہونی چاہئیے،انہوں نے کہاکہ سیاحت کو اولین ترجیحات میں رکھنا چاہئے لیکن افسوس ہے کہ صوبہ میں سیاحت کی بڑی استعداد کے باوجود اس شعبہ کی ترقی کیلئے توجہ نہیں دی گئی، ڈسپلے سنٹر کے حوالے سے کام کیا جائے گا،گورنرنے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ الگ فیڈر کیلئے چیف پیسکو سے بات کی جائے گی، میری ذاتی کوشش ہے کہ جتنی بھی سہولیات ہوں فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ پریس پرنٹنگ مارکیٹ قصہ خوانی کا جلد دورہ کروں گا۔ تاجربرادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ تاجربرادری نہ صرف بے روزگاری پرقابو پانے میں مدددیتی ہے بلکہ معیشت کے استحکام میں بھی اپنا کردار ادا کرتی ہے۔گورنرنے کہاکہ تمام درپیش مسائل کے حل کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ بات کر کے تاجربرادری کے تحفظات دور کرنیکی پوری کوشش کریں گے۔ #