پشاور،17 اگست2024
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ،سرمایہ اور ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں، مختلف شعبوں میں کمال صلاحیت رکھنے والے نوجوان میری بھرپور توجہ کے حامل ہیں، ترقی ان اقوام کا مقدر بنتی ہے،جن کے نوجوانوں میں آگے بڑھنے کی لگن اور تڑپ ہوتی ہے،خواتین اورنوجوانوں کو بااختیار بنانامیری ترجیحات میں شامل ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کے روز گورنرہاوس پشاور میں Maxum ڈیجیٹل کی جانب سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں Maxum ڈیجیٹل کے سی ای او ازیر حسن، ثمر خان، تنویر حسن، سعد ہاشوانی، ھدیٰ سیٹھی، کشمالہ فیصل سمیت ملک بھر سے انفلوینسرز اور کنٹینٹ کریئٹرز شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ گورنرہاوس پشاور میں تعلیم اور کھیل کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے باصلاحیت نوجوانوں کو خصوصی طور پر مدعو کرکے انہیں اپنا مہمان بنایااوران کی مکمل حوصلہ افزائی کی۔موجودہ دور سوشل میڈیا کا دور ہے اور اس کااستعمال بھی نوجوانوں میں بہت زیادہ ہے، سوشل میڈیا نوجوانوں کی ذہن سازی پر بہت جلد اثرکرتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ انہوں نے خود افیشل ای میل بنایا ہے تا کہ عوام کیساتھ کنیکٹویٹی رہے،
انہوں نے انفلوینسرز کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی نئی سوچ اور جذبات سے ہما ری نوجوان نسل شہری ترقی کیلئے نئی راہیں وضع کرسکتی ہیں،شہری علاقوں میں ترقی کیلئے ضروری ہے کہ آپ جیسے انفلوینسرز ٹیکنالوجی اورنئی تخلیقات کو اپنائیں۔ خیبر پختونخوا میں پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے زیادہ نوجوان ہیں، انہوں نے کہاکہ صوبہ دہشت گردی سے بہت زیادہ متاثر ہواہے،مشکلات کا مقابلہ کریں گے، دہشت گردی کو سافٹ امیج کے ذریعے ختم کرسکتے ہیں۔
گورنرنے اس موقع پر MAXUM ڈیجیٹل کی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کیا کہ وہ صوبے کے نوجوان انفلوینسرز کو ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں جس سے ان کی نہ صرف صلاحیتیں نکھر رہی ہیں بلکہ ملک وقوم کامثبت امیج بھی دنیا میں اجاگرہورہاہے۔ آخرمیں گورنر نے انفلوینسرز میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے اورمنتظمین کو سوینئر بھی پیش کئے۔ #