Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi Visits Iqbal Academy in Lahore.

Iqbal Academy
Date

لاہور،29 اگست 2024

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لاہور میں واقع اقبال اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہیں اکیڈمی کی تحقیقاتی سرگرمیوں اور اقبالیات کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اقبال اکیڈمی کے چیئرمین، پروفیسر ڈاکٹر عبد الروف رفیقی نے گورنر کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں اکیڈمی کی جانب سے کی جانے والی تحقیق اور اقبالیات کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی تعلیمات اور انکی سوچ کو پروان چڑھانے سے ہم پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرسکتے ہیں اقبالیات پر جتنا کام ہونا چاہیئے تھا، وہ نہیں ہو پایا۔ دنیا معمولی چیز کو پروموٹ کرکے توجہ حاصل کرتی ہے جبکہ ہمارے پاس اقبالیات جیسے عظیم موضوعات ہیں اور ہم انہیں فروغ دینے میں مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں کررہے انہوں نے اس حوالہ سے اقبال اکیڈیمی کے کام کو سراہا انہوں نے کہا کہ اقبال کی فکر و فلسفہ کو مزید گہرائی سے سمجھنے اور فروغ دینے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ اقبال کا فلسفہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ خطے میں تہذیب اور محبت کے قیام میں معاون ثابت ہو سکتا ہے اور خطہ کے ممالک کو ایک دوسرے سے جوڑ سکتا ہے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی یونیورسٹیوں میں بھی شعبہ اقبالیات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقبال کے افکار کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنا کر نئی نسل کو اس سے روشناس کرایا جانا چاہئے، تاکہ اقبال کے پیغام کو بہتر طریقے سے سمجھا جا سکے اور اس کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لائی جا سکیں۔دورے کے دوران، گورنر نے اقبال اکیڈمی کے مختلف شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا اور اکیڈمی کے کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام آج کے دور میں بھی اسی طرح قابل عمل ہے اور ہمیں اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی معاشرتی اور ثقافتی اقدار کو مستحکم کر سکیں۔انہوں نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔#