پشاور، 12 ستمبر 2024
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے شہید بینظیر بھٹوویمن یونیورسٹی کے شعبہ آرٹس اینڈڈیزائن کی فیکلٹی اراکین نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔وفد میں سحرش ظفر، انیلہ مدثر،صائمہ نصیر، ثانیہ سراج اورنداشامل تھیں۔ ملاقات میں شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے تحت صوبہ کی سافٹ امیج اجاگر کرنے سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وفد نے بتایاکہ یونیورسٹی میں شعبہ آرٹس اینڈ ڈیزائن کے طلبہ کی عملی سرگرمیوں ڈسپلے سنٹر کیلئے مخصوص جگہ، کلاس رومز سمیت انفراسٹرکچر نہیں ہے، جس کی وجہ سے ریسرچ ورک بھی نہیں ہورہا اور شعبہ کی طالبات عملی کام میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔وفد نے ہائرایجوکیشن، جائیکااور میوزیم ڈیپارٹمنٹ کو ارسال کی گئی پروپوزل سے بھی گورنر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ 2021 میں اس ضمن میں ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کوتجویز ارسال کی تھی لیکن اس پر بھی کو ئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ وفد نے گورنر کو پشاور میں بینالئے تھری ڈی انسٹالیشن نمائش کے انعقادکی تجویزبھی پیش کی۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے شعبہ کو اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہاکہ ازسرنوایک جامع پروپوزل تیارکرکے بھجوائی جائے اور فائن ارٹس میں سپورٹ کرنے والے ممالک سے متعلق بھی آگاہ کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ ہائرایجوکیشن کمیشن سے تعاون کیلئے بات کی جائیگی، پشاور میوزیم میں ڈسپلے سنٹر اور اس حوالے سے درکار فنڈز کیلئے ترقیاتی شراکتدار، سمیت متعلقہ محکموں سے بھی بات کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس نمائش کے انعقادسے دنیامیں صوبے اور ملک کا مثبت امیج جائیگاایسی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کیاجائیگا، انہوں نے اس موقع پر شعبہ آرٹس اینڈ ڈیزائن فیکلٹی اراکین کو گورنر ہاؤس میں نمائش کے انعقاد کی بھی دعوت دی اور کہا کہ اس ضمن میں گورنر ہاؤس کیجانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔#