پشاور، 24 ستمبر2024
ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی مناسبت سے گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی میزبانی میں گورنرہاوس پشاور میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کاانعقاد کیاگیا جس میں حضرت مولاناپیر ذوالفقاراحمدنقشبندی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور خاتم النبیبن و مرسلین ﷺ کی سیرت طیبہ سے متعلق خصوصی بیان دیا، مولانا پیر ذوالفقار احمد نقسبندی نے اپنے خصوصی بیان میں خاندان رسالت، ولادت رسول اکرمﷺ، نبی کریمﷺ کی پرورش سے لیکر حضور ﷺکے دور نبوت، تعلیمات نبی کریمﷺ سے متعلق تاریخی واقعات و معجزات سے حاضرین محفل کو آگاہ کیا۔مولاناپیرذوالفقاراحمدنقشبندی نے حاضرین محفل کے ہمراہ دین و دنیا کی کامیابی، خیر و برکت، ملکی ترقی خوشحالی کیلئے بارگائے الٰہی میں دعا بھی کرائی۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے خطاب میں سیرت النبی ﷺ کی پُرنور کانفرنس میں شرکت مولاناپیر ذوالفقاراحمدنقشبندی سمیت دیگر علمائے کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس میں سیرت النبیﷺ کانفرنس کی میزبانی بلاشبہ انکے لئے باعث فخر و قابل اعزاز ہے۔گورنرنے کہاکہ علماء کرام کے تعاون سے صوبہ میں امن کا پرچار کرنا ہے اور عوام کوصبر و برداشت کا درس دینا ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبہ خیبر پختونخوا کو دہشتگردی و شدت پسندی سے نکالنا ہے اور اس ضمن میں علمائے کرام اور تعلیم یافتہ طبقہ پر امن و امان کے قیام اور معاشرے کی اصلاح میں بہت بڑا کردار و ذمہ داری عائدہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ گورنر ہاؤس میں تمام اقلیتوں کو بھی مدعو کیا جس کا واحد مقصد یہ بتانا تھا کہ ہم سب اس صوبہ کے شہری ہیں، رنگ و نسل اور بلا کسی فرقہ بندی و مذہبی تشخص کے ہم سب بحیثیت خیبرپختونخوا کے شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں۔ گورنرنے کہاکہ سیرت نبوی ﷺ صرف عالم اسلام نہیں بلکہ عالم انسانیت کیلئے عظیم نمونہ حیات ہے اور بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے۔حضور ﷺ کی تعلیمات دنیا و آخرت میں کامیابی کا باعث ہیں۔#