پشاور، 27 ستمبر 2024
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی مدد کرناڈاکٹرز کا اولین فرض ہے،دل کے امراض جیسے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اور ان امراض کی روک تھام، جلد تشخیص اور صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر توجہ دینی ہوگی اور یہ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ شعبہ صحت سے وابستہ ہر ایک کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرناہوگا،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ حیات آباد میں عالمی یوم قلب کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا,تقریب میں رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹرمحمدرحمن، شعبہ کارڈیالوجی کے سربراہ ڈاکٹرمقداد خان، ماہرین امراض قلب ڈاکٹر مومن صلاح الدین، ڈاکٹر چراغ حسین، ڈاکٹر احمدفواد، ڈاکٹر عابداللہ، ڈاکٹر عنبر اشرف و دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹرمقداد خان اوردیگرماہرین امراض قلب نے دل کی صحت اور اس سے متعلق تحقیقی مقالہ جات پیش کئے اور ایک صحت مند دل سے متعلق تجاویز پیش کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں میں دل کے مریضوں پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ دیہی علاقوں میں آبادی کا بڑا حصہ بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہے۔گورنرنے کہاکہ ماہرین امراض قلب کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ دیہی علاقوں کو ترجیح دیں اور وہاں پر مریضوں کے علاج معالجہ پراپنی توجہ مرکوزکریں، انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر ایک صحت مند اور مضبوط پاکستان بنا نا ہے۔۔ہم اس دن کو آنے والی نسلوں کو دل کی صحت کو ترجیح دینے کے طور پرآگہی کیلئے استعمال کرناہوگا۔ڈاکٹر مقداد خان نے تقریب میں شرکت پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔آخرمیں گورنرنے شرکاء میں شیلڈز تقسیم کئے جبکہ چیئرمین پروفیسر ڈاکٹرمحمدرحمن اور ڈاکٹر مقداد خان نے گورنر کو بھی یادگاری شیلڈپیش کی۔