پشاور، 21 اکتوبر 2024
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ہندکوان تحفظ فاؤنڈیشن کے نمائندہ وفد نے پیرکے روز گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت چیئرمین حاجی آمین حسین بابر کررہے تھے۔ملاقات میں سابق نگران صوبایء وزیر عدنان جلیل سمیت دیگر تنظیم کے عہدیدادو اراکین موجود تھے۔چیئرمین حاجی آمین حسین بابر کی سربراہی میں ہندکوان تحفظ فاؤنڈیشن کے وفد نے گورنر کو تنظیم کے اغراض و مقاصد اور خدمات سے متعلق آگاہ کیا۔وفد کی جانب سے صوبے کے نام میں ہندکوان شامل کرنے، موٹروے پر ہندکو زبان میں ویلکم بورڈز آویزاں کرنے، انڈس ہسپتال کیلئے اراضی کی فراہمی، منشیات کے افراد کے علاج کیلئے ہیلتھ سنٹر، پشاور کو نوجوانوں کیلئے مفت آن لائن کورسز سمیت دیگر مطالبات پیش کئے گئے۔وفد نے بتایاکہ پشاور شہر کی قدیم ثقافت اور ورثہ کا تحفظ بھی اس تنظیم کا مقصد ہے، وفد نے گورنر کو ہندکو زبان، ہندکو کمیونٹی اور پشاور شہر کی ترقی سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر گورنرفیصل کریم کنڈی کا کہناتھاکہ پشاور شہر کی ترقی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا، پشاور پورے صوبہ کے عوام کا شہر ہے جسکی خدمت کیلئے ہم سب متحد ہیں،ہندکوان تحفظ فاؤنڈیشن کی پشاور شہر اور ہندکوان کیلئے سماجی خدمات قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس تنظیم کیجانب سے پیش کئے جانیوالے مطالبات و مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا،جس طرح پشاورتاریخی شہر ہے اسی طرح ہندکو بھی ایک تاریخی زبان ہے، ہم سب نے متحد ہو کر صوبہ کی ترقی کیلئے کردار ادا کرنا ہے۔ اس موقع پر وفد کے عہدیداروں کیجانب سے گورنر کو پشاور شہر کی روایتی قراقلی ٹوپی اور چادر بھی پہنائی گئی۔