اسلام اباد، 25 اکتوبر2024
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے مکروہ کاروبار کے خاتمے میں میڈیا کا کردار مرکزی اہمیت کا حامل ہے۔ درست معلومات اور قانون سے آگاہی کے تحت کی جانے والی رپورٹنگ حکومت کے لئے راہنمائی کا درجہ رکھتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی تنظیم سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن(SSDO) کے زیر اہتمام صحافیوں کے لئے منعقدہ آگاہی سشین سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) سید کوثر عباس نے گورنر فیصل کریم کنڈی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انسانی سوداگری اور جبری مشقت کا مسئلہ تشویشناک صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ مافیا سے نمٹنے کے لئے میڈیا اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ٹھوس حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سیشن سے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانی سوداگری اور جبری مشقت کی رپورٹنگ کے حوالے سے ایس ایس ڈی او کا آگاہی سیشن ایک بہترین کاوش ہے انسانی سوداگری اور مہاجرین کی غیر قانونی سمگلنگ کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کا ملکی پالیسی اور معاشرتی بہتری میں بنیادی کردار ہے ۔اس لئے درست معلومات اور رائج قوانین کے تحت دی گئی خبر اور میڈیا رپورٹ ہی اس مافیا کو شکست دینے کی حکومتی کوششوں میں مددگار ہو سکتی ہے، حساس نوعیت کے اس موضوع میں متاثرہ افراد کا ذکر ان کی شناخت اور عزت کو مد نظر رکھ کر کرنا چاہیے ۔قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اقدامات کو قانون کے تناظر میں پرکھنے سے ان کی استعداد کار میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا متاثرہ افراد اور ان کی قانونی امداد کے سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔#