لاہور، 27 اکتوبر 2024
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ 7ویں ورلڈ ریلیجنز کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا امن و استحکام اور فلاح عامہ کے لئے دہشت گردی کے خلاف طویل ترین جنگ لڑنے والے پاکستان اور اُس کے عوام کا ساتھ دے۔ اسلام دہشت گردی نہیں امن کا دین ہے، انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور نے اہم موضوع پر بین المذاہب مکالمہ کا اہتمام کر کے قابل تعریف قومی، دینی و ملی خدمت انجام دی ہے۔ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فروغ علم و امن کی خدمات کا ہمیشہ سے معترف رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کا فروغ علم و امن کے لئے کردار قابل تقلید ہے۔سب سے زیادہ بیسٹ ریسرچ پیپر ایوارڈز خواتین سکالرز نے حاصل کئے۔
تقریب کے اختتام پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے منہاج یونیورسٹی کی طرف سے GRACEڈیٹا بیس کا اجراء کیا گیا جو فروغ امن کے حوالے سے دنیا بھر میں ہونے والی تحقیقات کا آرکائیو ہو گا جس سے پالیسی ساز ادارے استفادہ کر سکیں گے۔ ڈاکٹر علی وقار قادری، ڈاکٹر راجہ عدنان رزاق، پروفیسر ڈاکٹر شانتی کمار، ڈاکٹر فاروق رانا، مسٹر جی سنگ بیا نے پینل ڈسکشن میں حصہ لیا۔ اختتامی سیشن میں وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، رجسٹرار ڈاکٹر خرم شہزاد، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور، بیرسٹر عامر حسن، ماہر قانون اظہر صدیق ایڈووکیٹ، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان سمیت منہاج یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبہ جات کے ڈینز،ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ،فیکلٹی ممبران،لیکچررز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔