راولپنڈی، 4 نومبر 2024
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں معاشی سرگرمیوں کا فروغ نہ صرف صوبہ بلکہ ملک کی ترقی کے لیئے ضروری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئے گئے استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا ۔ تقریب سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عثمان شوکت ، سابق صدر ارشد مشہدی ، وویمن چیمبر آف کامرس کی صدر قرۃ العین اور دیگر عہدیداران نے بھی اظہار خیال کیا ، گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وسط ایشیا کے ساتھ تجارت کے سات روٹ ہیں ہمیں اس سے فایدہ اٹھانا چاہیئے انہوں نے کہا کہ تاجکستان بندر عباس سے تجارت کرتا ہے اگر ہمارے ملک میں گوادر کے ساتھ وہ منسلک ہوتا ہے تو اسے کم وقت میں عالمی منڈی تک رسائی ہوگی اور ہمیں بھی معاشی فایدہ ہوگا۔ جمز کی سب سے بڑی مارکیٹ خیبرپختونخوا اور پشاور میں ہے دنیا ہمارے ساتھ تجارت کرنا چاہتی ہے مگر خیبرپختونخوا میں بدقسمتی سے امن کی صورتحال اسکے راہ میں رکاوٹ ہے ۔ ہم سب کو من حیث القوم متحد ہوکر اس صورت حال سے نکلنا ہوگا ، ہمارے پٹھان باصلاحیت ہیں وہ اپنی محنت اور لگن سے وہ کام کرسکتے ہیں جو دنیا نہیں کرسکتی انہوں نے کہا کہ پشاور اور گورنر ہاؤس کے دروازے ملک بھر کے کاروباری طبقہ کے لیئے کھلے ہیں میرا بھرپور تعاون آپکے ساتھ ہوگا انہوں نے راولپنڈی وویمن چمبر اف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ممبران کو دعوت دی کہ وہ خیبرپختونخوا وویمن چیمبر آف کامرس کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کریں گورنر ہاؤس اسمیں آپ کا ساتھ دے گا انہوں نے کہا کہ پشاور میں ایکسپو سینٹر بنانے کے حوالہ سے میں وزارت تجارت کا شکر گزار ہوں اس سے صوبہ کا سافٹ امیج روشن ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ چین سے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ضروری ہے چین کے تحفظات دور کرنے میں پاکستان بھرپور کردار ادا کرے گا ۔ تاجر راہنماؤں نے ملک کی ترقی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے کردار کو سراہا انہوں نے معاشی ترقی کی متعدد تجاویز بھی پیش کیں گورنر خیبرپختونخوا کو راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے وفد کو صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملانے کی درخواست کی