پشاور، 5 نومبر2024
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے تحریک نفاذفقہ جعفریہ کے نمائندہ وفدنے صوبائی صدر سید غضنفرعلی شاہ کی قیادت میں گورنرہاوس میں ملاقات کی۔وفد میں سینئرنائب صدر مولاناملک اجلال الحیدری، صوبائی نائب صدر ذوالفقار حیدرجمیل، ایڈوکیٹ ذوالنورین حیدر اوردیگر شامل تھے۔ وفد نے گورنر کو خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں امن وامان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پرعملدرآمد کا مطالبہ کیا۔وفد نے کالعدم جماعتوں پرعملی طور پر پابندی، پشاور پاڑاچنار روڈ کو محفوظ بنانے اوروہاں کے رہائشیوں کیلئے متبادل راستوں کی تعمیر اور سرحد پار دراندازی کی روک تھام سے متعلق اپنے مطالبات پیش کئے۔وفد نے اورکزئی میں میراحمد شاہ مزار کاراستہ بند ہونے اور مزار کی انتہائی خستہ حالت پر تعمیر کا مطالبہ بھی پیش کیا۔اس موقع پر گورنرنے کہاکہ صوبے میں امن وامان کاقیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، امید ہے کہ ہم سب ملک صوبہ کو بہت جلد امن کا گہوارہ بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی نے ہمارے صوبے کو بے پناہ حسن، وسائل سے نوازا ہے، اس صوبہ کی ثقافت اورقدرتی حسن کی بدولت لوگ یہاں آناچاہتے ہیں۔گورنرنے کہاکہ ہمارے صوبے کے لوگ پرامن اور امن پسند ہیں،پاڑا چنار میں بدامنی کی صورتحال پر انتہائی تشویش ہے، وہاں کے لوگوں اور انتظامیہ سے رابطے میں ہوں،ہمیں انتہا پسندی اور فرقہ ورانہ فسادات کے خاتمے کیلئے بحیثیت مسلمان اور پاکستانی متحد ہو کر آگے بڑھنا ہو گا۔#