پشاور، 6 نومبر 2024
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کے درمیان گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور صوبہ کے متعدد دیگر مسائل و حقوق کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، گورنر اور وزیر اعلی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبہ کی معاشی ترقی کے لیئے قیام امن ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ وفاق سے قیام امن کے حوالہ سے مسائل کے حل اور سیکورٹی کے لیئے دستیاب وسائل کے حصول کے لیے دونوں متحد ہوکر کوشش کریں گے ملاقات میں صوبہ میں سیاحت کے فروغ اور عوامی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کو وفاق سے متعلق جتنے بھی مسائل ہیں انکے حل کے لیئے میں وفاقی حکومت سے رابطہ کرونگا اور صوبہ کے وکیل کا کردار ادا کرونگا قبل ازیں صوبائی کابینہ میں شامل نئے وزیر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیئے وزیر اعلی گورنر ہاؤس پہنچے تو گورنر خیبرپختونخوا نے انکا خیر مقدم کیا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی ، آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان گنڈہ پور بھی اس موقع پر موجود تھے۔