پشاور، 13 نومبر2024
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چراٹ سیمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اعظم فاروق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔ وفد میں علی فاروق ، ڈپٹی جی ایم ایڈمن فضل دین خان ، سینئر منیجر ذیشان شامل تھے ، ملاقات میں صوبے کی صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں چراٹ سیمنٹ کے یونٹ کے قیام کے امکانات اور اس کے اثرات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ چیف ایگزیکٹو نے گورنر کو بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سیمنٹ یونٹ کے قیام سے نہ صرف علاقے میں صنعتی سرگرمیاں بڑھیں گی بلکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے صوبے کی معیشت کو فروغ ملے گا اور تعمیراتی شعبے میں بھی استحکام آئے گا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے چراٹ سیمنٹ کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ صنعتی ترقی کی ہر ممکن حمایت کی جائے گی تاکہ صوبے میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھ سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ملاقات میں صوبے میں کاروباری ماحول کی بہتری اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صنعتی یونٹس کے قیام سے نہ صرف مقامی لوگوں کی معاشی حالت بہتر ہوگی بلکہ صوبے کی مجموعی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔