پشاور، 14 نومبر2024
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے پندرہ رکنی وفد نے ڈویژنل صدر ایلے صادق کی سربراہی میں گورنر ہاوس میں ملاقات کی۔سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں صوبے میں مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے آئندہ ماہ کرسمس کی تقریبات کے حوالے سے گورنر ہاؤس میں تقریب منعقد کرنیکی درخواست بھی کی۔وفد نے تہکال فیڈر پر بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خاتمہ،شمشان گھاٹ کیلئے فنڈز کے اجرا، اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں کا کوٹہ بڑھانے اور اقلیتی بچوں کیلئے اسکالر شپس فراہمی کے مطالبات بھی پیش کئے۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ بجلی لوڈشیڈنگ سے متعلق واپڈا حکام سے بات کی جائے گی،بجلی چوری کے خاتمے کیلئے شہریوں کو بھی کردار ادا کرنا چاہئے، زیادہ بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہوتا ہے۔گورنرنے کہاکہ وفاقی وزیر اقلیتی امور کیساتھ ملاقات میں شمشان گھاٹ کیلئے فنڈز کے اجراء سمیت دیگر اقلیتی برادری کے مسائل سے متعلق بات ہوئی ہے۔ایڈورڈ کالج میں 25 اسکالرشپس اقلیتوں کیلئے مختص کی ہیں،باقی تعلیمی اداروں میں بھی اقلیتوں کے بچوں کو سہولیات و اسکالرشپس فراہمی کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں شخصی و مزہبی آزادی فراہم کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ملکی ترقی و خوشحالی میں اقلیتتوں کا اہم کردار ہے،حکومت اقلیتوں کے مسائل کے حل اور انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔#