اسلام آباد، 14 نومبر 2024
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں لوک ورثہ فیملی فیسٹیول میں خیبرپختونخوا پویلین کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ سندھ کے وزیر کھیل و ثقافت سید ذوالفقار شاہ بھی تھے۔ جی ایم سجاد حمید اور ڈائریکٹر ٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان نے گورنر کا چترالی ٹوپی اور روایتی چادر پیش کرکے استقبال کیا۔ گورنر نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور وہاں موجود فنکاروں سے کشیدہ کاری اور لکڑی کے کام کے بارے میں گفتگو کی۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے جندری کے کام میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور یارک کے ثوبت گھر سٹال پر ثوبت کا مزہ چکھا اور اونر سعید کو سراہا۔ پشتو موسیقی کے سٹال پر فنکاروں سے ملاقات کی اور پشاوری قہوہ کے سٹال پر قہوہ نوش کیا۔
گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا باصلاحیت افراد سے مالا مال ہے اور صوبے کی رونقیں بحال کرنے کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔ پویلین میں بچوں اور شہریوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور گورنر کو اپنے درمیان پا کر خوشی کا اظہار کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شاندار انتظامات کو بھی سراہا-