ڈیرہ اسماعیل خان، 16 نومبر 2024
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے دیہی علاقہ ڈیال میں انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا برانچ کے زیر اہتمام سول ڈسپنسری کا باقاعدہ افتتاح کیا، افتتاحی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے خیبر پختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی ، انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین حبیب ملک اورکزئی ، ڈویژنل صدر قیضار خان میاں خیل ، ڈسٹرکٹ سیکرٹری ارشد ڈیال اور دیگر موجود تھے،
اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا نے ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین حبیب ملک اورکزئی ، وائس چیئرمین فرزند علی وزیر اور انکی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہلال احمر نے پانچ ماہ کے قلیل عرصہ میں چھ کروڑ روپے کی لاگت سے ڈی ایچ او دفتر ڈیرہ ، اور آر ڈی جے ہیلتھ کے دفاتر کی تزئین و آرائش کی اسی طرح سترہ کروڑ کی لاگت سے 16 بی ایچ یوز اور ایک سول ڈسپنسری ڈیال کی تزئین و آرائش کی جدید سہولیات فراہم کیں اور سولرائزیشن کو مکمل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں طفل تسلیوں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہوں ہلال احمر کے تعاون سے صوبہ بھر میں فلاحی منصوبوں پر جلد ہی عملی کام کا آغاز کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے نارویجن ریڈ کراس اور محمود آئی ہسپتال کی انتظامیہ کے تعاون کے مشکور ہیں ،
انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین حبیب ملک اورکزئی نے قبل ازیں گورنر اور دیگر شرکاء کو ہلال احمر خیبرپختونخوا کی کارکردگی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے کاموں کے حوالہ سے بریفنگ دی#