ڈیرہ اسماعیل خان، 18 نومبر2024
خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نےکہا ہے کہ نوجوانوں، خصوصاً خواتین کے لیے معاشرے میں کردار ادا کرنے کے مزید مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مختلف شعبوں میں ترقی کر سکیں اور ملک کی ترقی کی رفتار کو تیز کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ایس فیمیل تائیکوانڈو اکیڈیمی کے بچیوں میں کوریا سے آئی بلیک بیلٹ سرٹیفکیشن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ، اکیڈیمی کے کوچ نصیر بلوچ ، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ملک فرحان افضل دھپ ، پیپلز لیبر بیورو کے سیکرٹری اطلاعات سیٹھ فضل الرحمان بلوچ ، سردار عارف خان کنڈی بھی موجود تھے۔ گورنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ہمارے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اور ہمیں ان کی کامیابی کے لیے ضروری پلیٹ فارمز فراہم کرتے رہنا چاہیے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی اہم خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا مثبت تشخص بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان کھلاڑی نہ صرف اپنے کھیل میں مہارت رکھتے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی بھی کر رہے ہیں۔ گورنر نے خصوصی طور پر اکیڈمی کی ان کوششوں کی تعریف کی جو نوجوان خواتین کھلاڑیوں کو بااختیار بنانے میں مصروفِ عمل ہے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ان کی کامیابیوں کو سراہا۔تقریب کے دوران میمونہ نصیر نے گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیں پشاور میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملوایا اور پھر چیئرمین بلاول نے قومی اسمبلی میں تقریر میں ہمارا تذکرہ کرکے ہماری حوصلہ افزائی کی ، تقریب میں مختلف باصلاحیت کھلاڑیوں کو سرٹیفکیٹس دیے گئے جن میںاقراء جاوید (2nd Dan) ، میمونہ نصیر بلوچ (2nd Dan)، اریبہ جاوید (1st Dan)، ایمن لاریب (1st Dan) ، اجواہ ندیم (1st Dan)، سیدہ شیہربانو بانو شیرازی (1st Dan) ،عائشہ (1st Dan)، رومیسہ شاہ (1st Dan)، نور فاطمہ (1st Dan) ،منیمہ خالد (1st Dan) شامل تھیں، جو تائیکوانڈو میں بلیک بیلٹ حاصل کر چکی ہیں۔گورنر کو اکیڈیمی کے سرپرست اور انٹرنیشنل کوچ نصیر بلوچ کی جانب سے اکیڈمی کی شاندار کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ اب تک 40 سے زائد لڑکیوں نے بلیک بیلٹ حاصل کی ہیں اور 19 کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ ان کھلاڑیوں نے سات بین الاقوامی ٹائٹل جیتے ہیں جن میں مامونہ ناصر بلوچ نے گولڈ میڈل، اجوا ندیم نے سلور، اور اریبہ بلوچ اور عائشہ نے برونز میڈل جیتا ہے۔ اس کے علاوہ، اکیڈمی کے کھلاڑی 30 قومی گولڈ میڈل بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔#