پشاور، 30 نومبر 2024
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ پہلی خیبر پختونخوا فیوچر یوتھ لیڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن اور معاشی آسودگی کے حصول کے لیئے نوجوانوں کو ساتھ لیکر چلنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، ہم نے اس صوبہ سے دہشت گردی ، بدامنی کا داغ دھونا ہے اس حوالہ سے ہمیں تعلیم کو فروغ دینا ہوگا ، یوتھ انگیجمنٹ اور وویمن امپاورمنٹ کو مستحکم و مضبوط کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہر شعبہ میں اپنی مہارت کا لوہا منوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ضرورت انکی سرپرستی اور راہنمائی کی ہے ۔ میری یہ کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا کے مخیر حضرات یہاں کے نوجوانوں کی سرپرستی کریں انہوں نے کیا کہ میں ایوب ذکوڑی کا مشکور ہوں جنہوں نے ہمارے دو کھلاڑیوں کو سپانسر شپ فراہم کیا ، انہوں نے کہا کہ اس خطہ میں کچھ سالوں کے وقفہ کے بعد سپر پاورز کی مداخلت کے اثرات ہمارے صوبہ پر بدامنی ، دہشت گردی اور بے روزگاری کی صورت میں مرتب ہوئے اب ہمیں ایسے حالات سے نکلنا ہوگا ، بدامنی کے بڑھنے سے سب سے زیادہ نوجوان متاثر ہورہے ہیں ہمارے نوجوانوں میں رضاکاریت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے
انہوں نے والنٹیئر فورس پاکستان کے سربراہ عثمان رضا جولاہا کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ایسے نوجوانوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔قبل ازیں والنٹیئر فورس پاکستان کے سربراہ عثمان رضا جولاہا نے تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کیئے انہوں نے گورنر ہاؤس میں تقریب کے انعقاد پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے کردار کو سراہا انہوں نے کہا کہ جس انداز سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیئے گورنر خیبرپختونخوا متحرک ہیں اسکی مثال نہیں ملتی ، تقریب کے اختتام پر گورنر خیبرپختونخوا نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں شیلڈز تقسیم کیں