Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi hosts All Parties Conference at Governor House on THURSDAY.

Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi hosts All Parties Conference at Governor House on THURSDAY.
Date

پشاور، 5دسمبر2024

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت ومیزبانی میں جمعرات کے روز گورنرہاوس پشاور میں کُل جماعتی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے انجینئر امیرمقام، قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیر پاؤ، عوامی نیشنل پارٹی کے میاں افتخار حسین، جمعیت علماء اسلام (ف) کے مولانا لطف الرحمان، مولانا عطاالرحمان، جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم، پاکستان پیپلزپارٹی کے محمد علی شاہ باچا، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے محسن داوڑسمیت16 سیاسی جماعتوں جمعیت علمائے اسلام (س)،پاکستان مسلم لیگ (ق)، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین، اسلامی تحریک پاکستان، مجلس وحدت  المسلمین، مظلوم عوامی تحریک، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، مزدور کسان پارٹی،پختونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے قائدین اورسابق گورنرانجینئر شوکت اللہ نے شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ سے کیا گیا۔آل پارٹیز کانفرنس میں صوبہ کے شہداء کیلئے دعا بھی کی گئی۔اس کے علاوہ صوبہ کے وسائل اور این ایف سی ایوارڈز سے متعلق پریزینٹیشن بھی پیش کی گئی۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کل جماعتی کانفرنس سے افتتاحی اور اختتامی کلمات کہے۔ گورنرنے تمام سیاسی قیادت کو گورنر ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ کے امن و مسائل، حقوق کیلئے آج سیاسی قیادت یہاں موجود ہے، آج کانفرنس میں سیاسی قائدین کی موجودگی نے ثابت کیا کہ صوبہ کے مسائل و حقوق پر ہم سب یکجا ہیں،حق تو یہ تھا کہ وزیر اعلی جو حکمران جماعت کے صوبائی صدر بھی ہیں وہ اس کانفرنس کا انعقاد کرتے۔ انہو ں نے کہاکہ اس کانفرنس کا اعلامیہ صوبائی اسمبلی میں ارکان اسمبلی پیش کریں گے، کانفرنس کا اعلامیہ و تجاویز وفاقی حکومت کو ارسال کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ ہم سب کا مقصد صوبے کے حقوق اور پائیدار امن کیلئے حل نکالنا ہے، کانفرنس میں شریک تمام سیاسی جماعتوں نے ثابت کردیا کہ وہ صوبے کے حقوق کیلئے جنگ لڑسکتی ہے،گورنرنے کہاکہ انہوں نے سپیکر کے ذریعے پی ٹی آئی کو دعوت دی تھی لیکن لگتا ہے کہ وہ صوبے کے وسائل کی جنگ نہیں لڑنا چاہتے،انہوں نے کہاکہ اپنے صوبے کے حق کیلئے دلیل سے بات کریں گے۔مسائل ہمارے ہیں اور ہمیں ہی ان مسائل کو حل کرنا ہوگا۔#