پشاور، 6دسمبر2024
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کے روز ایڈورڈز کالج پشاور کا دورہ کیااورکالج میں زیرتعلیم طلباء وطالبات کے انٹرایکٹیوسیشن میں شریک ہوئے۔ گورنر نے ضم شدہ اضلاع کے طلباء میں سکالرشپ کے چیکس بھی تقسیم کئے اور طلباء کے سوالات کے جوابات دیے۔ اس موقع پر گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہاکہ سکالرشپ کا مقصد ضم اضلاع کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مدد کرنا اور انہیں تعلیمی کامیابی کیلئے وسائل تک رسائی یقینی بنانا ہے۔گورنرنے کہاکہ امن کی بحالی اور صوبے کے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی کوششوں میں تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کر رہے ہیں۔ ہمارا اجتماعی مقصد خیبر پختونخوا میں امن اور استحکام لانا اور اس کے تمام لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کرنا ہے۔گورنر نے طلباء پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے جدید تعلیم حاصل کرنے پر توجہ دیں۔انہوں نے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا میں علم طاقت ہے اور یہ آپ کیلئے ضروری ہے کہ آپ اپنے آپ کو تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں کامیاب ہونے کیلئے ضروری مہارتوں سے آراستہ کریں۔ان کے دورے کو خیبرپختونخوا میں تعلیمی شعبے کے فروغ کے طور پر دیکھا گیا، خاص طور پر ان ضم شدہ اضلاع کے طلباء کے لیے جنہوں نے تاریخی طور پر متعدد چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے بھر کے طلباء کو گورنر ہاؤس کے دورہ کرنے اور ای میل کے ذریعے براہ راست ان کے ساتھ رابطہ کرنے کی دعوت دی۔انہوں نے صوبے کے نوجوانوں کے ساتھ اپنی وابستگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں کھیلوں اور ہنر کی ترقی دونوں کو فروغ دینا ان کی شدید خواہش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا، چاہے وہ کھیلوں میں ہو یا پیشہ ورانہ مہارتوں میں، ہمارے صوبے کے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایسے اقدامات کی حمایت کریں گے جو ہمارے نوجوانوں کو نہ صرف علمی طور پر بلکہ دیگر شعبوں میں بھی ترقی کرنے کے قابل بنائے جو ان کی مجموعی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔گورنر نے ایک ایسے ماحول کو فروغ کیلیے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا جہاں طلباء مختلف شعبوں میں ترقی کر سکیں اور جہاں ان کو کھیلوں اور ہنر سیکھنے کے پروگراموں میں وہ توجہ اور وسائل ملیں جس کے وہ مستحق ہیں۔قبل ازیں کالج کے پرنسپل شجاعت علی خان نے تعلیم کی حمایت کیلئے گورنر کی کوششوں اور طلبہ کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے ان کے عزم کو سراہا۔#