Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi gives scholarships Cheque to students on behalf of Wana Welfare Association (WAWA) during a function held at Governor House on Saturday.

Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi gives scholarships Cheque to students on behalf of Wana Welfare Association (WAWA) during a function held at Governor House on Saturday.
Date

پشاور، 7دسمبر2024

    گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ ہمیں اپنے صوبہ کے وسائل و حقوق کا تحفظ کرنا ہے،وسائل کو درست استعمال میں لا کر علاقائی و صوبائی ترقی یقینی بنائی جا سکتی ہے،ہمارا صوبہ ابھی تک اپنے پانی کے شیئرز حاصل نہیں کر سکا،صوبائی آبی وسائل پر درست توجہ دی جاتی تو آج وانا سمیت کہیں بھی زمینیں بنجر نہ ہوتیں،آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی قیادت کو صوبہ کے وسائل و حقوق کیلئے ایک چھت نیچے جمع کیا، علاقائی ترقی کیلئے مقامی عوامی قیادت کو موثر کردار ادا کرنیکی ضرورت ہے۔
    ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کے دن وانا ویلفیئر ایسوی ایشن(WAWA)کے زیرانتظام گورنر ہاؤس پشاور میں اسکالرشپس فراہمی کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صدروانا ویلفیئرایسوسی ایشن رحمت اللہ وزیر، کمشنر پشاور ریاض محسود، کمشنر ہزارہ محمود اسلم وزیر،آئی جی پولیس گلگت بلتستان محمدسعید وزیر، امہ ویلفیئراکیڈمی کے مولانامحمدادریس سمیت قبائلی زعماء نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں واوا کے صدررحمت اللہ وزیر  نے افتتاحی خطاب میں گورنر خیبر پختونخوا کا گورنر ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کرانے پر انکا شکریہ ادا کیااور ایسوسی ایشن کی علاقائی و سماجی خدمات سے متعلق آگاہی فراہم کی۔انہوں نے اس موقع پر گورنرسے بعض مطالبات بھی کئے جن میں وانا کے اسکولوں کو فعال کرانا، اساتذہ کی حاضری یقینی بنانا اور پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر دس اسکولزویلفیئرکے حوالے کرنے کے مطالبات بھی شامل تھے۔انہوں نے کہاکہ وانا میں زیر زمین پانی کا مسئلہ ہے ان مسائل کے حل کیلئے وانامیں اسمال ڈیمز بنائے جائیں، انگور اڈا کو ٹرانزٹ ٹریڈ شاہراہ قرار دیا جائے اور ٹانک وانا روڈ کو بہتر کیا جائے۔انہو ں نے مطالبہ کیا کہ گورنمنٹ کالج وانا آبادی سے دورہے اس لئے طلبا کیلئے دو بسوں کا بندوبست کیا جائے۔رحمت اللہ وزیرنے بتایاکہ ویلفیئرکی جانب سے یتیم اور بے سہارا بچوں سمیت ذہین طلباء کو سکول اورکالجز میں سکالرشپس فراہم کررہی ہے تاکہ وہ بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک وقوم کی خدمت کرسکیں، گورنرنے اس موقع پر وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن کی تعلیمی، سماجی، علاقائی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیااورکہاکہ ویلفیئر کے اراکین و عہدیداروں سے اُن کاقریبی تعلق ہے۔وانا سمیت جنوبی وزیرستان سے متعلق جو مسائل و مطالبات پیش کئے گئے ان کیلئے اپنا بہترین کردار ادا کروں گا۔گورنرنے کہاکہ انگور اڈا سمیت صوبہ کی تمام سرحدوں کو تجارتی آمدورفت کے فروغ کیلئے کھلا رکھنا چاہئے۔بدقسمتی سے فاٹا انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کے عوام سے کئے گیئے وعدے پورے نہیں ہوئے۔انضمام کے بعد ضم اضلاع میں ترقیاتی کاموں پر توجہ نہیں دی گئی۔تقریب میں گورنرنے واناویلفیئرایسوسی ایشن کیجانب سے طلباء میں اسکالرشپس ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔#