پشاور،10 دسمبر2024
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ینگ پارلیمینٹرین فورم کے نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس پشاورمیں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت صدرسیدہ نوشین افتخارکررہی تھی۔ینگ پارلیمنٹرین فورم نے گورنر کو فورم کے اغراض و مقاصد اور نوجوان قیادت کیلئے کردار سے متعلق آگاہ کیا۔صدر فورم نے اراکین کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کیلئے تربیتی سیشنز اور سیمینارز سے متعلق بھی تفصیلات فراہم کیں۔ملاقات میں ینگ پارلیمینٹرینز کو بااختیار بنانے، سماجی و قانونی معاملات میں معاونت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیاسی کشیدگی میں کمی، فیک نیوز کے خاتمہ اور نوجوانوں کو باختیار بنانے میں ینگ پارلیمینٹرینز کے کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔وفد نے بتایاکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کے محرومیوں، نوجوان طبقہ کی مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ خیبر پختونخوا صوبہ کی مجموعی صورتحال تمام صوبوں سے مختلف ہے،نوجوان طبقہ کو شدت پسندی اور دہشتگردی کی لعنت سے محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ ضم اضلاع کے عوام بالخصوص قبائلی نوجوان بنیادی سہولیات نہ ہونے سے احساس محرومی کا شکار ہیں، ضم اضلاع کیلئے جو تھوڑے بہت فنڈز جاری ہوئے بدقسمتی سے وہ بھی وہاں خرچ نہیں کئے گیے۔گورنرنے کہاکہ صوبہ کے حقوق اور وسائل سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس گورنر ہاؤس میں منعقد کی تھی اور اس بات پربھی زوردیاکہ ینگ پارلیمینٹرینز فورم اے پی سی کے مشترکہ اعلامیہ کے نفاذ میں بھی اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔#