پشاور، 19 دسمبر 2024
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور کے نمائندہ وفد نے چیمبر کی صدر رابعہ بصری کی قیادت میں جمعرات کے روز گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔وفد میں سابق صدر رخسانہ نادر، نائب صدر زوبیہ عامر، سیکرٹری جنرل صائمہ محبوب، ایگزیکٹو اراکین زرین اختر، مسرت خالد اور دیگر شامل تھے۔ملاقات میں خواتین کے کاروباری مسائل اور ان کے حل کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے خواتین کو درپیش رکاوٹوں، مالی وسائل اور کاروباری تربیت کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ ملاقات کے دوران وفد نے خواتین کے لیے کاروباری مواقع، فنڈنگ اور تربیتی پروگرامز کی ضرورت پر زور دیااور بالخصوص کاروبار کے فروغ کیلئے قرضوں کاحصول آسان بنانے سے، ڈسپلے سنٹر اور خواتین چیمبرکے لئے دفترکے قیا م سے متعلق گورنر سے تعاون کی درخواست کی۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خواتین کے کردار کو معیشت میں اہم قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ خواتین کی ترقی اور کاروبار کو فروغ دینے کے لیے اورکاروباری خواتین کے مسائل بالخصوص آسان قرضوں کی فراہمی اور کاروباری تربیت کو فوری حل کرنے کے لیے نیوٹک اوردیگر متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔ ڈسپلے سنٹر سے متعلق وفاقی حکومت سے بات ہوچکی ہے۔ گورنرنے کہاکہ خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنا ملکی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ محترمہ شہید بینظیربھٹو کاوژن بھی تھا کہ خواتین کو آگے لایاجائے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے صوبے میں امن وامان کی موجودہ صورتحال افسوسناک ہے۔ انہوں نے وفدمیں شامل خواتین پر زوردیا کہ وہ صوبے کا مثبت امیج اجاگرکرنے میں کردار ادا کریں۔#