پشاور، 20 دسمبر 2024
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایڈورڈز کالج پشاور میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں بشپ ہمفرے سرفراز پیٹر، پرنسپل پروفیسر شجاعت علی،ایڈورڈز کالج کے طلبہ، فیکلٹی اراکین سمیت مسیحی برادری کے مرد و خواتین، بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔گورنرفیصل کریم کنڈی نے تقریب میں ایڈورڈز کالج انتظامیہ کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹااور مسیحی برادری کو کرسمَس کی مبارکباد دی۔ تقریب میں قومی ترانہ اور کرسمس کے حوالے سے مسیحی برادری کی خصوصی دعا اور کرسمس گانا بھی سنایا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پاکستان میں موجود تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت مکمل حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے، ملکی امن واستحکام اورترقی میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتیں اپنا بھرپورکردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملکی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ایڈورڈز کالج میں اس سال اقلیتی طلباء و طالبات کیلئے 25 اسکالرشپس مختص کی گئی ہیں اور یہ سکالرشپس مزیدبھی بڑھائے جائیں گے۔ گورنرنے کہاکہ ایڈورڈز کالج صوبہ کی تاریخی تعلیمی درسگاہ ہے،ایڈورڈز کالج کی تعلیمی و تاریخی حیثیت برقرار رکھنے میں اپنا تعاون جاری رکھوں گا،ایڈورڈز کالج معیاری تعلیم کا ایک مینار ہے، ملک بھر میں علم کی روشنی پھیلانے میں مذکورہ کالج نے اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یڈورڈز کالج نے ہر شعبے میں شخصیات کی ایک قابل ذکر صف پیدا کی ہے اور اس توقع کا اظہارکیاکہ مستقبل میں بھی ایڈورڈز کالج پوری قوم کے لیے معیاری تعلیم کا حقیقی نمونہ بن کر بہترین کارکردگی کے لیے کوشاں رہے گا۔#