
اسلام آباد 30 مئ 2025
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملک میں درپیش ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹینٹ جنرل انعام حیدر ملک کی موجودگی میں متعدد شعبہ جات کے سربراہان نے گورنر کو دریائے سندھ، دریائے کابل، دریائے کرم، دریائے کنہار اور دریائے سوات میں پانی کی صورتحال اور ممکنہ سیلابی خطرات پر آگاہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ آنے والے دنوں میں ڈیرہ اسماعیل خان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں شدید سیلاب کے باعث وسیع پیمانے پر نقصانات کا خدشہ ہے۔ اس سلسلے میں پیشگی اقدامات کے حوالے سے بھی گورنر کو آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اب واضح طور پر نظر آ رہے ہیں اور غیر معمولی موسم کی وجہ سے مسائل اور مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر بروقت اور مؤثر اقدامات اٹھانا نہایت ضروری ہے تاکہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔گورنر نے این ڈی ایم اے کی تیاریوں اور پیشگی حکمت عملی کو سراہا اور کہا کہ گورنر ہاؤس اس حوالہ سے مکمل تعاون فراہم کرے گا تاکہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹا جا سکےانہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال میں فوری امداد کے حوالہ سے ایک ون ونڈو شروع کیا جائے جس میں غیر سرکاری تنظیمیں بھی شامل ہوں ، انہوں نے کہا کہ این ڈے ایم اے کے سروے کی روشنی میں کنگ سلمان ریلیف فاونڈیشن متاثرین ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب کے لیئے گھر فراہم کرنا چاہتی ہے مگر انہیں مناسب جگہ کی فراہمی کو این ڈی ایم اے اپنی سرپرستی میں یقینی بنائے.